لہسن اور شہد ملا کر کھائیں، بیماریوں سے نجات پائیں..
لہسن موٹاپے سے نجات کے ساتھ پیٹ کی بہت سی بیماریوں سے محفوظ رکھتا ہے؛
قدرت نے لہسن میں بے شمار فوائد رکھے ہیں۔ لہسن نہ صرف پیٹ کی بیماریوں سے محفوظ رکھتا ہے بلکہ موٹاپے سے نجات حاصل کرنے کا بھی بہترین ذریعہ ہے۔ لہسن کے ساتھ شہد بھی قدرتی فوائد اور غذائیت سے بھرپور ہوتا ہے لہٰذا لہسن اور شہد کا آمیزہ انسان کےلیے بے حد فائدہ مند ہے۔
موٹاپے میں کمی کےلیے..
لہسن کا ذائقہ اور مہک بہت تیز ہوتی ہےاس لیےلوگ خالی لہسن کھانے سے کتراتے ہیں۔ لہٰذا اسے شہد میں ملاکر کھانے سے نہ صرف اس کا ذائقہ بہتر ہوجاتا ہے بلکہ دونوں کو ایک ساتھ کھانے سے معدے کی بیماریوں سے بھی چھٹکارا حاصل کیا جاسکتا ہے۔ ہر صبح خالی پیٹ لہسن اور شہد ملا کر کھانے سے موٹاپا تیزی سے کم ہوتا ہے۔ لہسن جب خالی پیٹ میں جاتا ہے تو گیسٹرک جوس بناتا ہے جو کھانے کو ہضم کرنے میں بہت مفید ہے۔ اس کے علاوہ لہسن اور شہد کا آمیزہ کولیسٹرول جذب کرنے کی بھی بہترین صلاحیت رکھتا ہے۔ اس کے علاوہ اسے کھانے سے بلڈ پریشر بھی کنٹرول ہوتا ہے۔
صحت مند جلد..
لہسن اینٹی آکسیڈنٹ سے بھرپور ہوتا ہے جو خون کو صاف کرکے جلد کو تروتازہ اور چمکدار بناتا ہے۔ لہسن اور شہد کا آمیزہ کھانے سے جلد کی بہت سی بیماریوں سے چھٹکارا حاصل ہوتا ہے جب کہ جلد سے داغ دھبوں اور جھائیوں کا بھی خاتمہ ہوجاتا ہے۔ بازار کی مہنگی اور کیمیکلز سے بھرپور پروڈکٹس خرید کر لگانے سے بہتر ہے کہ لہسن اور شہد ملا کر استعمال کرلیے جائیں۔
سوزش اور سر کے درد میں آرام کےلیے..
سر کے درد اور جسم کے کسی بھی حصے میں ہونے والے درد میں آرام کےلیے بھی لہسن اور شہد کا آمیزہ بے حد مفید ہے۔ اس کے علاوہ وہ افراد جو زیادہ تر سُستی کا شکار رہتے ہیں ان کےلیے لہسن اور شہد توانائی (انرجی) حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ ہیں۔